استنبول،5جنوری(ایجنسی) ترکی کے مغربی شہر ازمیرIzmir میں ایک عدالت کے احاطے میں کار بم دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں دس افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ اس حملے کے بعد سکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں دو دہشت گرد ہلاک ہوگئے ہیں۔
مقامی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق ازمیر میں عدالت کے احاطے میں پراسیکیوٹرز اور ججوں کے داخلی راستے کے باہر بارود سے بھری کار کو دھماکے سے اڑایا گیا ہے۔اس کے بعد متعدد ایمبولینس گاڑیاں بم دھماکے کی جگہ پر دیکھی گئی ہیں۔
start;">
ترکی کی سرکاری خبررساں ایجنسی اناطولو نے بتایا ہے کہ دھماکے کے بعد پولیس کی دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ ہوئی ہے جس میں دو دہشت گرد مارے گئے ہیں اور ایک فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔
مقامی بلدیہ بیراقلی کے میئر حسن قراباغ نے ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے دس افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ ان میں ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ حکام نے بم دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی فوٹیج نشر کرنے پر پابندی عاید کردی ہے۔